ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینبارش سے متاثرہ میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد...

بارش سے متاثرہ میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم ورلڈ کپ سے باہر

کولمبو میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پاکستان کو 150 رنز (ڈی ایل ای طریقہ) سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

بارش کے باعث کھیل بار بار متاثر ہوا اور ہدف میں مسلسل تبدیلی کی جاتی رہی، تاہم پاکستان ٹیم 20 اوورز میں صرف 83 رنز بنا سکی۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے کپتان لورا وولووارٹ کی 90 اور سنے لوس کی 61 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 40 اوورز میں 312 رنز بنائے جو ورلڈ کپ میں ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

کپتان فاطمہ ثنا نے میچ کے بعد اعتراف کیا کہ بولرز اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ انہوں نے کہا، "آج کا دن بولرز کے لیے اچھا نہیں رہا، بارش کے بعد گیند گیلا ہونے سے بولنگ مشکل ہوگئی تھی۔”

ابتدائی طور پر فاطمہ نے تزمین بریٹس کو آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی، لیکن بعد میں جنوبی افریقی بیٹرز نے جارحانہ انداز میں رنز بنائے۔ نادین ڈی کلرک نے صرف 16 گیندوں پر 41 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس سے ٹیم کا مجموعہ 300 سے تجاوز کر گیا۔

جواب میں پاکستان کی اننگز ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ مونیبہ علی جلدی آؤٹ ہو گئیں، جب کہ عمائمہ سہیل، سدرہ امین اور عالیہ ریاض بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں۔ سدرہ نواز 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، لیکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف بارش سے متاثرہ میچز کے بعد یہ شکست پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی آخری امید بھی ختم کر گئی۔ پاکستان اب اپنا آخری گروپ میچ ہفتے کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا، جو محض رسمی نوعیت کا ہوگا۔ جنوبی افریقہ کی کامیابی کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہو گئی ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان