ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینطورخم سرحد 10 روز بعد پاک افغان تجارت کے لیے کھولنے کی...

طورخم سرحد 10 روز بعد پاک افغان تجارت کے لیے کھولنے کی تیاریاں مکمل

پاک افغان دوطرفہ تجارت کے بڑے مرکز طورخم گیٹ کو دس روز بعد دوبارہ کھولنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سرحد کی بندش دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث ہوئی تھی۔

محکمہ کسٹمز کے حکام نے بتایا کہ طورخم ٹرمینل پر عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ مال بردار گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے جدید اسکینرز نصب کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق تجارتی راستہ کسی بھی وقت آج بحال کیا جا سکتا ہے۔

سرحد کی بندش کے باعث درآمدات، برآمدات اور ٹرانزٹ سامان لے جانے والے ہزاروں ٹرک دونوں جانب پھنس گئے تھے، جس سے تجارتی سرگرمیاں مفلوج ہو گئیں اور کاروباری طبقہ شدید مشکلات سے دوچار رہا۔

کسٹمز حکام کے مطابق طورخم سرحد سے یومیہ تقریباً 85 کروڑ روپے مالیت کی دوطرفہ تجارت ہوتی ہے۔

چمن سرحد بدستور بند
دوسری جانب، چمن بارڈر مسلسل دسویں روز بھی ہر قسم کی تجارتی اور پیدل آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند ہے۔ تاہم پاکستانی سیکیورٹی حکام نے افغانستان میں پھنسے سیکڑوں خالی ٹرکوں کو واپسی کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے افغانستان کو سیمنٹ، ادویات، ٹیکسٹائل مصنوعات، پھل اور سبزیاں برآمد کی جاتی ہیں جبکہ افغانستان سے کوئلہ، پتھر، خشک اور تازہ میوہ جات درآمد کیے جاتے ہیں۔

تجارتی سرگرمیوں کی معطلی نے تاجروں اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ ہزاروں مزدوروں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے اتفاق کیا ہے کہ مستقبل میں سرحدی تجارت باضابطہ طریقہ کار اور بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق جاری رکھی جائے گی۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان