ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ تریناسلام آباد ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی صدارت بحال — لاہور ہائی...

اسلام آباد ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی صدارت بحال — لاہور ہائی کورٹ کا پی سی بی اور ایڈجیوڈی کیٹر کے احکامات معطل کرنے کا فیصلہ

رپورٹ (عبدالغفار خان)

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور اس کے ایڈجیوڈی کیٹر کے احکامات معطل کرتے ہوئے اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن (RCA) کے صدر جناب شکیل شکیل کی صدارت بحال کر دی۔ اس عدالتی فیصلے کے نتیجے میں اسلام آباد ریجن اور اس کے تمام زونز کی منتخب ایسوسی ایشنز بھی بحال ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق، 24 اکتوبر 2025 کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چوہدری سلطان محمود نے سماعت کے دوران پی سی بی اور ایڈجیوڈی کیٹر کے وہ فیصلے معطل کر دیے جن کے تحت جناب شکیل شکیل کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ پی سی بی کے آئین کے خلاف دائر کی گئی رِٹ پٹیشن قابلِ سماعت ہے۔
کیس میں پٹیشنر جناب شکیل شکیل کی جانب سے معروف قانون دان طفیل رضوی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے باقاعدہ منتخب صدر ہیں، لیکن پی سی بی کے ایڈجیوڈی کیٹر نے کارروائی کے دوران قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا۔ ان کے مطابق، ایڈجیوڈی کیٹر نے مشکوک انداز میں کارروائی کرتے ہوئے ان کے مؤکل کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی اور انہیں ان کے منتخب عہدے سے ناانصافی کے ساتھ ہٹا دیا گیا۔
پی سی بی کے وکیل نے رِٹ پٹیشن کی قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا، تاہم فاضل جج نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ پی سی بی کے آئین کے خلاف دائر پٹیشن قابلِ سماعت ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن اسلام آباد کی قیادت دوبارہ جناب شکیل شکیل کے سپرد کر دی گئی، جس سے ریجن کے منتخب عہدیداران اور کرکٹ حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ اسلام آباد کرکٹ کے تنظیمی ڈھانچے میں استحکام کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جب کہ ریجن اور زونز کے نمائندگان نے عدالت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان