ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینفلسطینی دھڑوں کا جنگ کے بعد غزہ کی نگرانی کیلئے آزاد ٹیکنوکریٹس...

فلسطینی دھڑوں کا جنگ کے بعد غزہ کی نگرانی کیلئے آزاد ٹیکنوکریٹس کمیٹی پر اتفاق


اہم فلسطینی سیاسی جماعتوں، جن میں حماس بھی شامل ہے، نے قاہرہ میں ہونے والے اجلاس میں جنگ کے بعد غزہ کے انتظامی امور سنبھالنے کے لیے آزاد ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ایک عبوری کمیٹی کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے۔

حماس کی ویب سائٹ پر جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ’’غزہ پٹی کے انتظامی امور ایک عبوری فلسطینی کمیٹی کے حوالے کیے جائیں گے جو آزاد ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہوگی۔‘‘ یہ کمیٹی عرب ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے عوامی خدمات اور بنیادی ضروریات کے امور سنبھالے گی۔

بیان میں فلسطینی مفاد کے تحفظ اور مشترکہ قومی پالیسی کے قیام کے لیے تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مزید کہا گیا کہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (PLO) کو از سر نو فعال کیا جائے تاکہ وہ فلسطینی عوام کی واحد نمائندہ تنظیم کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکے۔

ذرائع کے مطابق حماس اور فتح کے وفود نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ دنوں میں ملاقاتیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ داخلی محاذ کو مضبوط کیا جا سکے۔ قاہرہ میں مصری انٹیلیجنس چیف حسن رشاد نے اسلامی جہاد، ڈیموکریٹک فرنٹ اور پاپولر فرنٹ کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے غزہ میں جنگ بندی کے بعد امن قائم رکھنے کے لیے بین الاقوامی فورس کی فوری تعیناتی کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اس فورس کی تشکیل اور آمد جنگ سے تباہ شدہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے ضروری ہے۔

امریکہ نے عندیہ دیا ہے کہ فورس میں صرف وہ ممالک شامل ہوں گے جن پر اسرائیل کو اعتراض نہ ہو۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے ترکی کی شمولیت کی مخالفت کی ہے جبکہ انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات نے فوجی دستے بھیجنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔

اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں 68 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ دس اکتوبر کے بعد جنگ بندی کے باوجود امدادی سرگرمیاں محدود ہیں اور تعمیر نو کا عمل ابھی شروع نہیں ہو سکا۔

حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے مصر، قطر اور ترکی کے ثالثوں کی جانب سے یقین دہانیاں موصول ہوئی ہیں کہ ’’جنگ عملاً ختم ہو چکی ہے۔‘‘ تاہم پائیدار امن کے لیے فلسطینی اتحاد اور بین الاقوامی فورس کی بروقت تعیناتی کو کلیدی قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان