ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینپنجاب کو اسلحہ سے پاک صوبہ بنانے کا عزم، مریم نواز نے...

پنجاب کو اسلحہ سے پاک صوبہ بنانے کا عزم، مریم نواز نے بڑے اصلاحاتی اقدامات کی منظوری دے دی

پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے صوبے کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کرنے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے چوتھے غیر معمولی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پنجاب سرینڈر آف الیگل آرمز ایکٹ 2025 متعارف کرانے کا اعلان کیا، جو تین مراحل میں نافذ کیا جائے گا — ہتھیاروں کی واپسی، تلفی اور نفاذ۔

نئے قانون کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد کو 15 دن کے اندر اندر اپنا اسلحہ سرینڈر کرنا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک ملین لائسنس یافتہ اسلحے کی جانچ اور تصدیق بھی کی جائے گی، جس میں صوبائی اور وفاقی سطح پر جاری کردہ دونوں اقسام کے لائسنس شامل ہوں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صرف پولیس اہلکار اور رجسٹرڈ سیکیورٹی گارڈز کو اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ تمام پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کو باضابطہ رجسٹر کیا جائے گا اور ان کے گارڈز کو پنجاب پولیس ہیلپ لائن 15 سے منسلک کیا جائے گا۔

لاہور میں ڈرون پولیسنگ کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا تاکہ کسی بھی واردات کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد ڈرون جائے وقوعہ تک پہنچ کر ملزمان کا سراغ لگانے میں مدد کر سکیں۔ یہ منصوبہ بعد میں صوبے بھر میں توسیع پائے گا۔

اسلحہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے صوبے کے 14 داخلی و خارجی راستوں پر جدید اسکینرز نصب کیے جائیں گے، جبکہ اسمگلنگ کی سزا 14 سال قید مقرر کی گئی ہے۔ حکومت نے اسلحہ لائسنس کی سالانہ تجدید فیس بھی دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نیا مربوط نظام امن کے قیام، سیکیورٹی میں بہتری اور غیر قانونی اسلحے کے خاتمے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ثابت ہوگا۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان