ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینیورپی یونین کے تعاون سے بلوچستان کے عدالتی وفد کا آئرلینڈ کا...

یورپی یونین کے تعاون سے بلوچستان کے عدالتی وفد کا آئرلینڈ کا مطالعہ دورہ

یہ دورہ اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (UNODC) پاکستان نے آئرش رول آف لا انٹرنیشنل (IRLI) کے تعاون سے یورپی یونین کی مالی معاونت سے ڈیلیور جسٹس پراجیکٹ کے تحت منعقد کیا۔

وفد میں بلوچستان ہائی کورٹ، محکمہ داخلہ، پولیس، پراسیکیوشن، جیل خانہ جات، اصلاح و پروبیشن اور خواتین ترقیات کے محکموں کے سینئر نمائندگان شامل تھے۔ وفد کو آئرلینڈ کے مربوط عدالتی نظام کے بارے میں براہِ راست آگاہی فراہم کی گئی، جس میں پولیس، پراسیکیوشن، عدلیہ، جیل اور پروبیشن سروسز کے درمیان رابطے اور تعاون کے طریقہ کار شامل ہیں۔

وفد نے جانا کہ آئرلینڈ میں ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی، شواہد پر انحصار کرنے والے فیصلے، اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور عوامی احتساب کے ذریعے انصاف کے نظام پر عوامی اعتماد کو کیسے مستحکم کیا جاتا ہے۔

دورے کے دوران وفد نے آئرلینڈ کے اہم اداروں، بشمول ان گارڈا شیوکانا (قومی پولیس سروس)، ڈائریکٹر آف پبلک پراسیکیوشنز کے دفتر، کورٹ سروس، لیگل ایڈ بورڈ اور آئرش جیل و پروبیشن سروس کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ مزید برآں، انہیں لا سوسائٹی آف آئرلینڈ اور وزارتِ خارجہ میں آئرلینڈ کے عدالتی نظام کی ارتقاء پر بریفنگز دی گئیں۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس روزی خان نے کہا، “یہ دورہ ہمارے لیے قیمتی تجربہ ہے جس سے ہمیں یہ سمجھنے کا موقع ملا کہ ادارے باہمی تعاون سے انصاف کی فراہمی کو کس طرح مؤثر اور شفاف بنا سکتے ہیں۔”

محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد حمزہ شفقات نے کہا کہ آئرلینڈ کی مثال بلوچستان کے لیے سبق آموز ہے۔ “ہم آئرلینڈ کی قانون و انصاف کی اصلاحات سے رہنمائی حاصل کر کے ایک بہتر اور عوام دوست عدالتی نظام تشکیل دے سکتے ہیں۔”

یورپی یونین کے پاکستان میں وفد کی فرسٹ سیکریٹری برائے رول آف لا، اُنا کیلی نے کہا کہ آئرلینڈ اور پاکستان کے عدالتی نظام میں کئی مماثلتیں ہیں، اور اس دورے سے بلوچستان کے عدالتی رہنماؤں کو انسانی حقوق کے تحفظ اور سول سوسائٹی کے کردار کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی ہے۔

ڈیلیور جسٹس پراجیکٹ، جس کی مالیت 20 ملین یورو ہے، کا مقصد بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں عوامی مفاد پر مبنی انصاف، خواتین و پسماندہ طبقات کے لیے رسائی، اور سیکورٹی اداروں کی خدمات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانا ہے۔ یہ منصوبہ یورپی یونین کی فنڈنگ سے یو این ڈی پی، یو این ویمن اور یو این او ڈی سی کے اشتراک سے عمل میں لایا جا رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان