چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ہفتے کے روز قاہرہ میں ملاقات کے دوران باہمی اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی ہم آہنگی بڑھانے پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات اتحادیہ صدارتی محل میں ہوئی، جہاں پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و استحکام اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں مصری قیادت کے کردار کو سراہا، جبکہ صدر السیسی نے پاکستان کے عالمی و مسلم اُمہ کے معاملات میں مثبت کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ دوستی کو تمام شعبوں، خصوصاً اقتصادی، تکنیکی اور دفاعی تعاون تک وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مضبوط اقتصادی و سلامتی تعاون خطے میں امن و استحکام کو فروغ دے گا۔
دورہ مصر کے دوران فیلڈ مارشل منیر نے مصری دفاعی حکام سے ملاقاتیں کیں اور مشترکہ دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے نامعلوم سپاہی کی یادگار اور سابق صدر انور سادات کی قبر پر پھول بھی چڑھائے۔
فیلڈ مارشل منیر نے جامعہ الازہر کے شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی، جس میں مذہبی رواداری اور تعلیمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف دفاعی شراکت داری بلکہ خطے میں امن، ترقی اور تعاون کے فروغ کا بھی نیا باب کھولے گا۔


