ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینامریکا کا پاکستان سے اسٹریٹجک تعلقات بڑھانے کا عندیہ، بھارت کے ساتھ...

امریکا کا پاکستان سے اسٹریٹجک تعلقات بڑھانے کا عندیہ، بھارت کے ساتھ دوستی متاثر نہیں ہوگی، مارکو روبیو

واشنگٹن: امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے، اور اسلام آباد کے ساتھ بڑھتے تعلقات سے بھارت کے ساتھ دیرینہ دوستی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

پریس بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ بھارت نے پاکستان اور امریکا کے بڑھتے روابط پر کوئی خاص تشویش ظاہر نہیں کی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم جانتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی تنازعات ہیں، لیکن ایک عالمی طاقت کے طور پر ہمیں کئی ممالک کے ساتھ تعلقات رکھنے ہوتے ہیں۔‘‘

روبیو نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ روایتی سیکیورٹی اور انسدادِ دہشتگردی سے آگے بڑھ کر اسٹریٹجک تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق، ’’یہ ہمارے لیے موقع ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں۔ بھارت ایک بالغ اور حقیقت پسندانہ سفارتکاری کا مظاہرہ کرتا ہے اور اسے سمجھ ہے کہ یہ تعلقات کسی کے خلاف نہیں۔‘‘

انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کی بھارت کے ساتھ دوستی گہری، تاریخی اور اہم ہے اور پاکستان کے ساتھ بڑھتے تعلقات اس پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے اعتراف کیا کہ اسلام آباد کے ساتھ حالیہ بہتری دو طرفہ رابطوں اور اعتماد سازی کا نتیجہ ہے۔ ’’ہم پہلے ہی پاکستان سے رابطے میں تھے اور یہ واضح کر دیا تھا کہ ہم ایک نئی اسٹریٹجک شراکت داری کے خواہاں ہیں،‘‘ انہوں نے کہا۔

مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کا دہشتگردی کے خلاف تعاون برسوں پرانا ہے، اور اب دونوں ممالک معیشت، ٹیکنالوجی اور معدنیات کے شعبوں میں بھی شراکت داری کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور امریکا کے درمیان ریئر ارتھ منرلز کی برآمد سے متعلق نیا معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے رواں سال واشنگٹن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ بعد ازاں نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل منیر نے ٹرمپ سے مشترکہ ملاقات بھی کی۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل منیر کو ’’عظیم شخصیات‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کی غزہ میں جنگ بندی معاہدے میں کردار کی تعریف کی۔

اسی دوران امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹجک میٹلز نے پاکستان میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت معدنیات کی پروسیسنگ اور ترقیاتی پلانٹس قائم کیے جائیں گے۔ کمپنی کے مطابق، یہ پیش رفت ’’پاک-امریکا اسٹریٹجک شراکت داری‘‘ میں ایک نیا سنگِ میل ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان