ایشیائی یوتھ گیمز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے لڑکوں کے والی بال ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ کوارٹر فائنل میں گرین شرٹس نے چین کو سیدھے سیٹس میں شکست دے دی۔
بحرین کے عیسیٰ اسپورٹس سٹی میں کھیلا گیا میچ صرف 53 منٹ میں مکمل ہوا، جس میں پاکستان نے 25-12، 25-13 اور 25-17 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان نے اپنے گروپ مرحلے میں منگولیا اور میزبان بحرین کو 3-0 سے ہرا کر شاندار آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں ازبکستان کو بھی سیدھے سیٹس میں شکست دی، جب کہ سعودی عرب کے خلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کی۔
ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں میں خضر حیات، محمد یحییٰ اور محمد انس شامل تھے جنہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان 27 اکتوبر (پیر) کو رات 9 بجے (پاکستان وقت کے مطابق 11 بجے) سیمی فائنل میں میدان میں اترے گا۔
ایشین یوتھ گیمز میں پاکستان کی 53 رکنی ٹیم شرکت کر رہی ہے، جو 22 سے 31 اکتوبر تک جاری ہیں۔ پاکستان نے ایونٹ میں اب تک لڑکوں کے کبڈی مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔
پاکستان والی بال فیڈریشن نے اس کامیابی کو "قابلِ فخر کارنامہ” قرار دیا اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد یاسر پیرزادہ کو ٹیم کی تربیتی کیمپ کے انعقاد پر سراہا۔


