واشنگٹن، 27 اکتوبر 2025: امریکی بحریہ کے دو طیارے اتوار کے روز جنوبی بحیرہ چین میں الگ الگ حادثات میں گر کر تباہ ہو گئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی بحریہ کے پیسفک فلیٹ کے مطابق پہلا حادثہ ایک ایم ایچ-60 آر سی ہاک ہیلی کاپٹر کے ساتھ پیش آیا جو یو ایس ایس نیمٹز طیارہ بردار جہاز سے معمول کی کارروائیوں کے دوران سمندر میں گر گیا۔ بحریہ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں اہلکاروں کو سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت نکال لیا۔
تقریباً آدھے گھنٹے بعد ایک بوئنگ ایف/اے-18 ایف سپر ہارنیٹ فائٹر جیٹ بھی اسی علاقے میں معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ بحریہ کے بیان کے مطابق طیارے کے دونوں پائلٹوں نے ایجیکشن سیٹ کے ذریعے خود کو بچا لیا اور انہیں محفوظ حالت میں نکال لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ تمام اہلکار محفوظ ہیں اور طبی جانچ سے گزر رہے ہیں جبکہ حادثات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دوسرے دورِ صدارت کے دوران ایشیا کے پہلے سرکاری دورے پر ہیں، جبکہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ بھی جلد ہی کئی ایشیائی ممالک کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔
اس سے قبل رواں سال مشرقِ وسطیٰ میں یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین سے آپریشن کے دوران دو امریکی جنگی طیارے بھی حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔


