ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینشاہ عبداللہ دوم کی پاک فوج کے علاقائی امن و استحکام میں...

شاہ عبداللہ دوم کی پاک فوج کے علاقائی امن و استحکام میں کردار کی تعریف

امان: اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے پیر کے روز پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان آرمی کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ دوم بھی موجود تھے۔ یہ ملاقات آرمی چیف کے اردن کے سرکاری دورے کے دوران ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی، خاص طور پر دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ شاہ عبداللہ دوم نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور امن و استحکام کے فروغ میں اس کے کردار کی تعریف کی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شاہ عبداللہ کو پاکستانی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران آرمی چیف نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی سے امان میں ملاقات کی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شخصیات نے پاکستان اور اردن کی مسلح افواج کے تاریخی اور گہرے تعلقات کو سراہا۔ میجر جنرل الحنیطی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس سے قبل، آرمی چیف نے مصر کا دورہ کیا جہاں ان کی صدر عبدالفتاح السیسی اور اعلیٰ دفاعی حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔ دونوں ممالک نے دفاع، ٹیکنالوجی اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور اسٹریٹجک ہم آہنگی مضبوط کرنے پر زور دیا۔

یہ دورہ پاکستان کے اس عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ کے دوست ممالک کے ساتھ دفاعی اور سفارتی روابط کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان