کراچی: پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 28 اور 29 اکتوبر کو فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نوٹم (NOTAM) کے مطابق، فضائی حدود دونوں دن صبح 6 بجے سے 9 بجے تک تین گھنٹے کے لیے بند رہے گی۔ تمام ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز اور ایوی ایشن اداروں کو اس حوالے سے باضابطہ اطلاع دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ بھارتی سرحد کے قریب ممکنہ فوجی مشقوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارت 30 اکتوبر سے 10 نومبر تک پاکستان کی مغربی سرحد کے قریب تینوں افواج پر مشتمل بڑی فوجی مشق “ترشول 2025” کر رہا ہے۔ اس دوران بھارت نے گجرات اور راجستھان کے فضائی علاقے بھی جزوی طور پر بند کر دیے ہیں۔
بھارت کی جانب سے یہ فوجی مشقیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
دریں اثناء پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کریکس ایریا میں اگلے مورچوں کے دورے کے دوران کہا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
یہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب 22 اپریل کو بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک دہشت گرد حملے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام عائد کیا۔ پاکستان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔
بعد ازاں بھارت کی جانب سے بلا اشتعال کارروائیوں کے جواب میں پاکستان نے مئی میں آپریشن بنیان الامرسوس شروع کیا، جس میں پاکستانی افواج نے بھارت کے سات لڑاکا طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھا، اور درجنوں ڈرون مار گرائے۔
87 گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد، 10 مئی کو امریکا کی ثالثی سے جنگ بندی معاہدہ طے پایا، جس نے دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان تنازع کو ختم کیا۔


