واشنگٹن: امریکی محکمہ انصاف (DoJ) کے مطابق ایک بھارتی شہری پر شکاگو سے جرمنی جانے والی پرواز میں دو کم عمر مسافروں پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ 28 سالہ پرنیت کمار اُسیری پالی نے لفتھانزا فلائٹ 431 میں دورانِ پرواز دو 17 سالہ لڑکوں پر دھاتی کانٹے سے حملہ کیا، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر بوسٹن موڑ دیا گیا۔
محکمے کے مطابق، ملزم نے پہلے ایک لڑکے کو کندھے میں اور دوسرے کو سر کے پچھلے حصے پر دھاتی کانٹے سے زخمی کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ جب عملے کے ارکان نے اُسیری پالی کو قابو کرنے کی کوشش کی، تو اس نے اپنا ہاتھ بندوق کی شکل میں بنایا، انگلیوں کو اپنے منہ میں ڈال کر فرضی طور پر گولی چلانے کا اشارہ کیا، پھر اپنے بائیں جانب بیٹھی خاتون مسافر کو تھپڑ مارا اور ایک فضائی عملے کے رکن کو بھی مارنے کی کوشش کی۔
اس واقعے کے باعث پرواز کو بوسٹن لوگان بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موڑ دیا گیا، جہاں پولیس نے اُسیری پالی کو فوراً گرفتار کر لیا۔
محکمے کے مطابق، ملزم امریکہ میں طالبعلم کے ویزے پر داخل ہوا تھا، تاہم اس وقت اس کی قانونی حیثیت ختم ہو چکی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ "خطرناک ہتھیار سے حملے کے جرم پر ملزم کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید، تین سال نگرانی میں رہائی، اور 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک جرمانے” کی سزا ہو سکتی ہے۔


