اسلام آباد: پاکستان میں جاپان کے سفارتخانے نے جاپان سیلف ڈیفنس فورسز (JSDF) کے 71ویں یومِ تاسیس کی تقریب منعقد کی۔ تقریب کے میزبان جاپان کے سفیر ہائی ایکسیلینسی اکاماتسو شویچی تھے، جبکہ وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
جاپان کے ڈیفنس اٹیچی کرنل آبے کازوو نے JSDF کی نمائندگی کی۔ تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد جاپانی سفیر اور مہمانانِ خصوصی نے کیک کاٹ کر تقریب کا افتتاح کیا۔
اپنی تقریر میں سفیر اکاماتسو نے پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے جاپان اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کی متعدد مثالوں کا ذکر کیا، جن میں 2010 کے سیلابوں کے دوران جاپانی ایئر لفٹ امداد اور ترکیہ زلزلے کے بعد پاک فوج کے ساتھ مشترکہ ریلیف آپریشن شامل تھے۔ سفیر نے بتایا کہ جاپانی میرین سیلف ڈیفنس فورس کا جنگی جہاز موراسامے رواں سال پاکستان نیوی کی کثیرالملکی مشق امن 25 میں شریک ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال مئی میں پاکستان کے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے افسران نے جاپان کا دورہ کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی مشاورت کا اگلا اجلاس دسمبر میں منعقد ہوگا تاکہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
سفیر اکاماتسو نے دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر جوہری تخفیفِ اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کے لیے جاپان کے عزم کو اجاگر کیا اور کہا کہ جاپان ایک ایسا دنیا دیکھنا چاہتا ہے جو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہو۔
انہوں نے پاکستان کی ایکسپو 2025 اوساکا-کانسائی میں کامیاب شمولیت کو بھی سراہا اور پاکستان پویلین کے تھیم "ریت کے ذرے میں کائنات” کو تخلیقی اور متاثرکن قرار دیا، جس نے 15 لاکھ سے زائد زائرین کو متوجہ کیا۔
آخر میں، جاپانی سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاپان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم، ہائی ایکسیلینسی تاکائچی سانائے کی قیادت میں جاپان اور پاکستان کے تعلقات باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر مزید مضبوط ہوں گے۔
JSDF ڈے جاپان ڈیفنس ایجنسی اور سیلف ڈیفنس فورسز کے قیام کی یاد میں ہر سال یکم نومبر کو منایا جاتا ہے۔


