اسلام آباد: امریکہ اور بھارت نے 10 سالہ ’’امریکا-بھارت دفاعی شراکت داری فریم ورک‘‘ پر دستخط کر دیے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’’میں نے @rajnathsingh سے ملاقات کے دوران 10 سالہ دفاعی فریم ورک پر دستخط کیے۔ یہ شراکت داری علاقائی استحکام اور دفاعی تعاون کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔‘‘
بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ کوالالمپور میں امریکی ہم منصب سے ملاقات ’’نہایت مفید‘‘ رہی اور یہ نیا فریم ورک دفاعی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ بھارت-امریکا دفاعی تعلقات کی سمت طے کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک ہم آہنگی کی علامت ہے۔ راج ناتھ سنگھ کے مطابق دفاعی تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کا بنیادی ستون رہے گا، جو آزاد اور قانون پر مبنی انڈو پیسیفک خطے کے لیے ناگزیر ہے۔
دونوں وزرائے دفاع کی ملاقات آسیان وزرائے دفاع کے اجلاس (ADMM-Plus) کے موقع پر کوالالمپور میں ہوئی۔


