لاہور: پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم نے جمعے کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔
بابر اعظم میچ میں داخل ہوئے تو انہیں روہت شرما کے 4,231 رنز کے ریکارڈ کو توڑنے کے لیے صرف 9 رنز درکار تھے۔ انہوں نے یہ سنگ میل بارہویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کیا جب انہوں نے جنوبی افریقہ کے کپتان ڈونووان فریرا کی گیند پر لانگ آف کی جانب سنگل لیا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست:
- بابر اعظم – 4,232 رنز، 130 میچز*
- روہت شرما – 4,231 رنز، 159 میچز
- ویرات کوہلی – 4,188 رنز، 125 میچز
- جوز بٹلر – 3,869 رنز، 144 میچز
یہ کامیابی بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شاندار واپسی کا نشان ہے، جو تقریباً ایک سال بعد ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔ انہیں ایشیا کپ 2025 کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکے۔
بابر اعظم نے سیریز کے پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہو کر مایوس کن آغاز کیا، تاہم لاہور میں انہوں نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا بلکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا۔


