بالی وُڈ کی اداکارہ سیلینا جیتلی نے بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے بھائی، میجر (ر) وکرم جیتلی کی رہائی میں مداخلت کرے، جنہیں ستمبر 2024 سے متحدہ عرب امارات میں نظر بند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ 14 ماہ کو ‘‘ایک ڈراؤنا خواب’’ قرار دیا، جس میں انہیں بھائی کی حالت یا مقام کا علم نہیں تھا۔
گزشتہ ہفتے دلی ہائی کورٹ نے اس کیس کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ سے چار ہفتوں کے اندر صورتحال کی تفصیل طلب کی اور ایک نوڈل افسر مہیا کرنے کا حکم دیا، جو قانونی اور خاندانی رابطے کی نگرانی کرے گا۔ عدالت نے میجر جیتلی کے لیے قانونی نمائندہ اور ان کی بہن سے رابطے کی اجازت کا حکم بھی جاری کیا۔
سیلینا نے ایک جذباتی انسٹاگرام پیغام میں لکھا: ’’تم نے ہمارے لیے لڑا بھائی — اب ہماری باری ہے کہ تمہارے ساتھ کھڑے ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ ‘‘بس ایک فوجی کی بہن’’ ہیں اور اپنے بھائی کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا بھائی چار نسلوں سے فوجی خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور ایک اعزازی رکن رہا ہے۔
وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی قونصلیٹ کے اہلکار چار مرتبہ میجر جیتلی سے ملاقات کر چکے ہیں، آخری ملاقات ستمبر 2025 کی تھی۔ اگلی سماعت 4 دسمبر کو مقرر ہے۔


