شمالی پاکستان ایک بار پھر برفباری اور بارش کے نئے سلسلے کی زد میں آ گیا ہے، جس سے شدید سردی میں اضافہ اور آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
گلگت بلتستان کے پہاڑی سلسلوں بشمول بابوسر، نانگا پربت اور بتوغہ میں برفباری جاری ہے، جہاں متعدد گاڑیاں پھنس گئیں اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے سوات، دیر اور کالام میں بھی بھاری برفباری جبکہ اپر ہزارہ میں ژالہ باری اور بارش سے درجہ حرارت مزید گر گیا۔
سیاحتی مقامات ایوبیہ، نتھیا گلی اور چانگلاغلی میں دو سے تین انچ تک برف پڑی، جس سے سردی کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر پھسلن بھی بڑھ گئی۔
مظفرآباد اور وادی نیلم میں بھی برفباری اور بارش جاری ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی ہے، جبکہ پی ڈی ایم اے نے مزید برفباری اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔


