ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترین2.5 لاکھ سے زائد جعلی پاکستانی شناختی کارڈز بے نقاب، بیشتر افغان...

2.5 لاکھ سے زائد جعلی پاکستانی شناختی کارڈز بے نقاب، بیشتر افغان شہریوں کے نام پر

اسلام آباد: حکام نے ایک خصوصی تصدیقی سافٹ ویئر کی مدد سے 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد جعلی پاکستانی شناختی کارڈز کا سراغ لگا لیا ہے، جن میں سے زیادہ تر افغان شہریوں کے نام پر بنائے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق یہ سافٹ ویئر خاندانوں کے ریکارڈ کا تجزیہ کر کے مشکوک اندراجات کی نشاندہی کرتا ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بڑی تعداد میں افغان شہریوں کو بلوچستان کے اضلاع پشین، چمن اور کوئٹہ میں مقیم پاکستانی شہریوں کے خاندانی ریکارڈ میں غیر قانونی طور پر شامل کیا گیا۔

افسران کے مطابق مقامی ایجنٹس نے بھاری رقوم کے عوض افغان شہریوں کے نام پاکستانی خاندانوں میں شامل کرائے، جب کہ بیشتر پاکستانی شہری اس جعلسازی سے لاعلم رہے۔

ذرائع کے مطابق نادرا نے اب خودکار نظام کے ذریعے ایسے تمام جعلی شناختی کارڈز کو بلاک کرنا شروع کر دیا ہے جو سافٹ ویئر کی جانچ میں مشکوک پائے گئے۔ کارڈ ہولڈرز کو نادرا دفاتر میں تصدیق کے لیے ہدایت جاری کر دی گئی ہے، بصورت دیگر ان کے کارڈ مستقل طور پر منسوخ کر دیے جائیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے سبزی منڈی کے علاقے میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کے دوران 69 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا جو وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان کی سربراہی میں کیے گئے آپریشن کے دوران 221 افراد، 65 دکانوں، 43 موٹر سائیکلوں اور 31 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ پولیس کے مطابق کارروائی کا مقصد جرائم کی روک تھام اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے ضلع بھر میں اسی نوعیت کے مزید بڑے آپریشنز کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ مجرمانہ نیٹ ورکس اور غیر دستاویزی غیر ملکیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان