شاہ عبداللہ دوم کا پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ، اسلام آباد میں پرتپاک استقبال

0
19

اسلام آباد (ایم این این); اردن کے شاہ عبداللہ دوم ہفتے کے روز دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے نور خان ایئر بیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری بھی معزز مہمان اور ان کے وفد کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

صدر زرداری نے کہا کہ شاہ عبداللہ دوم کا دورہ پاکستان اور اردن کے تعلقات کو نئی اسٹریٹجک جہت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی بھائی چارے، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں۔ پی ٹی وی نیوز کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے اور سیاسی، معاشی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔

بیان کے مطابق شاہ عبداللہ دوم کی وزیراعظم شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات ہوگی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ مزید کہا گیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

صدراتی سیکریٹریٹ کے مطابق جیسے ہی شاہی طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، پاکستان ایئر فورس کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے دستے نے اسے خصوصی حفاظتی اسکواڈ کے طور پر اسکواٹ کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر شاہ عبداللہ دوم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

شاہ عبداللہ دوم کا آخری دورہ پاکستان سابق صدر ممنون حسین کی دعوت پر ہوا تھا، جس میں دونوں ممالک نے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے، ایک شہری تحفظ اور دفاع جبکہ دوسری ہاؤسنگ سیکٹر میں تعاون سے متعلق تھی۔

گزشتہ ماہ شاہ عبداللہ نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں پاکستان کی فوج کے علاقائی امن و استحکام کے کردار کو سراہا تھا۔ ملاقات میں ولی عہد حسین بن عبداللہ دوم بھی شریک تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں