اسحاق ڈار ایس سی او سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کیلئے ماسکو پہنچ گئے

0
25

اسلام آباد: نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار پیر کے روز ماسکو پہنچ گئے جہاں وہ 17 تا 18 نومبر کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (CHG) اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ماسکو ایئرپورٹ پر روس کے نائب وزیرِ خارجہ میخائل گلوزن، روسی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔ ڈار یہ دورہ روسی وزیرِاعظم میخائل میشوستین کی دعوت پر کر رہے ہیں اور پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اجلاس میں روس، چین، بیلاروس، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے سربراہانِ حکومت، ایران کے نائب صدر اور پاکستان و بھارت کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔

منگولیا، بحرین، مصر، قطر، کویت اور ترکمانستان کے نمائندے بھی شرکت کریں گے، جبکہ سی آئی ایس، یوریشین اکنامک یونین، سی ایس ٹی او اور ڈی ایس اے سمیت کئی علاقائی تنظیموں کے سربراہان بھی اجلاس میں موجود ہوں گے۔

دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈار اپنے خطاب میں اہم علاقائی و عالمی مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور ایس سی او خطے کے لئے تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بات کریں گے۔

CHG ایس سی او کا دوسرا بڑا فیصلہ ساز فورم ہے جو تجارت، معیشت، مالیات، رابطہ کاری، کامرس اور سماجی و معاشی ترقی سمیت تنظیم کے بجٹ اور مشترکہ اعلامیوں کی منظوری کا اختیار رکھتا ہے۔

ڈار اجلاس کے موقع پر دیگر رکن ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اس سال ایس سی او کا سربراہی اجلاس 31 اگست تا یکم ستمبر تیانجن، چین میں منعقد ہوا تھا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ آئندہ ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں