کلاؤڈ فلیئر کی عالمی سروس بحال، نیٹ ورک بگ کے باعث دنیا بھر میں انٹرنیٹ متاثر

0
66

ویب ڈیسک (ایم این این): کلاؤڈ فلیئر، جو دنیا بھر میں سی ڈی این اور ڈی این ایس سروسز فراہم کرتا ہے، نے منگل کو اعلان کیا کہ اس نے عالمی سطح پر آنے والی بڑی سروس بندش کا مسئلہ حل کر لیا ہے، جس کے باعث متعدد ویب سروسز تک رسائی متاثر ہوئی تھی۔

شام 7:42 بجے جاری کردہ اپ ڈیٹ میں کمپنی نے بتایا کہ خرابی ٹھیک کر دی گئی ہے اور سروسز معمول کی طرف لوٹ رہی ہیں۔

کمپنی نے کہا کہ وہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ تمام سروسز پوری طرح بحال رہیں۔ بعد ازاں کلاؤڈ فلیئر نے کہا کہ کچھ صارفین کو ڈیش بورڈ میں لاگ اِن کرنے یا اسے استعمال کرنے میں اب بھی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے اور اس حوالے سے مزید کام جاری ہے۔

چیف ٹیکنالوجی آفیسر ڈین نیکٹ نے ایکس پر لکھا کہ کمپنی نے آج اپنے صارفین اور وسیع تر انٹرنیٹ کو مایوس کیا، جب کلاؤڈ فلیئر نیٹ ورک میں خرابی کے باعث بڑی مقدار میں انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ مسئلہ ایک ایسے پرانے بگ کے باعث پیدا ہوا جو کمپنی کی بوٹ میٹیگیشن سروس سے متعلق ہے، اور ایک معمول کی کنفیگریشن تبدیلی کے بعد یہ سروس کریش ہونا شروع ہو گئی۔

کلاؤڈ فلیئر نے یہ بھی بتایا کہ اس خرابی سے پہلے اس کی ایک سروس پر غیر معمولی ٹریفک میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔

یہ واقعہ حالیہ ہفتوں میں آن لائن سروسز کو درپیش مشکلات کی تازہ مثال ہے۔ گزشتہ ماہ ایمیزون کی کلاؤڈ سروس میں خرابی کے باعث دنیا بھر میں ہزاروں مقبول ویب سائٹس اور ایپس — بشمول اسنیپ چیٹ اور ریڈٹ — متاثر ہوئی تھیں۔

کلاؤڈ فلیئر، جو ویب سائٹس کو تیز رفتار بنانے اور انہیں سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دنیا کا ایک بڑا نیٹ ورک چلاتا ہے، کے شیئرز بھی قبل از مارکیٹ ٹریڈنگ میں تقریباً پانچ فیصد گر گئے۔

دن کے اوائل میں دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کی شکایات سامنے آئیں، اور کلاؤڈ فلیئر نے بھی اپنی عالمی نیٹ ورک میں مسائل کی تصدیق کی۔

شام 6:09 بجے جاری کردہ ایک اپ ڈیٹ میں کمپنی نے بتایا کہ ایکسس اور وارپ سروسز کئی علاقوں میں بحال ہو گئی ہیں اور ان کی غلطی کی شرح معمول پر آ گئی ہے۔ لندن میں وارپ سروس بھی دوبارہ فعال کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر سروسز کی بحالی پر کام جاری ہے۔

کمپنی نے پہلے بتایا تھا کہ متعدد صارفین کو 500 ایررز کا سامنا ہے، اور اس کے ڈیش بورڈ اور API میں بھی خلل پیدا ہوا ہے۔

انٹرنیٹ نگرانی کے عالمی ادارے نیٹ بلاکس نے بھی تصدیق کی کہ کلاؤڈ فلیئر سے متعلق ایک تکنیکی خرابی نے متعدد آن لائن پلیٹ فارمز کو متاثر کیا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ مسئلہ کسی ملک کی سطح پر انٹرنیٹ بندش یا فلٹرنگ کا نتیجہ نہیں ہے۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستان میں بھی شام 4:10 بجے کے قریب صارفین نے کلاؤڈ فلیئر سے متعلق مسائل رپورٹ کیے۔ اوپن اے آئی، ایمیزون ویب سروسز اور فیس بک کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس بھی دنیا بھر میں ہزاروں صارفین کے لیے متاثر ہوا، جس کے 11,500 سے زائد مسائل رپورٹ کیے گئے۔

یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ تمام سروسز ایک ہی خرابی کے باعث متاثر ہوئیں۔ کلاؤڈ فلیئر اور ایکس نے رائٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا کہ وہ اس عالمی مسئلے کی نگرانی کر رہی ہے اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز و مقامی آپریٹرز سے رابطے میں ہے۔ اتھارٹی نے کہا کہ مکمل بحالی تک صورتحال پر نظر رکھی جائے گی۔

کلاؤڈ فلیئر نے جون 2022 میں بھی ایک بڑے "وائڈ اسپریڈ آؤٹیج” کی اطلاع دی تھی، جس کے باعث کئی مشہور ویب سائٹس عارضی طور پر بند ہو گئی تھیں۔

ڈی این ایس سرور دراصل ایک ایڈریس بُک کی طرح ہوتا ہے جو ویب سائٹ کے نام کو اس کے اصل IP ایڈریس میں تبدیل کرتا ہے۔ بڑے پیمانے پر استعمال کے لیے ایسے ڈی این ایس سرورز درکار ہوتے ہیں جو بھاری ٹریفک کو سنبھال سکیں اور تیزی سے جواب دے سکیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں