تاریخی تبدیلی، سی جے سی ایس سی کا عہدہ ختم

0
19

اسلام آباد (ایم این این) – پاکستان میں دفاعی ڈھانچے کی سب سے بڑی تنظیم نو کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ 27ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے ساتھ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کا عہدہ ختم کردیا گیا۔

یہ تبدیلی جمعرات کی شب جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ریٹائرمنٹ کے وقت نافذ ہوئی، جو اس منصب کے آخری سربراہ تھے۔ حکومت نے تاحال نئے چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کی باضابطہ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔


ترمیم کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز اب چیف آف آرمی اسٹاف بھی ہوں گے، جس سے عملی، انتظامی اور اسٹریٹجک اختیارات ایک ہی عہدے میں مرتکز ہوجائیں گے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ موجودہ سی او اے ایس فیلڈ مارشل عاصم منیر نئے سی ڈی ایف مقرر ہوں گے اور ان کی مدتِ ملازمت نئے پانچ سالہ دور سے شروع ہوگی جس میں مزید توسیع کا امکان بھی ہے۔

نئے ڈھانچے میں مشترکہ عسکری حکمتِ عملی، تینوں فورسز کے درمیان ہم آہنگی اور کثیرالجہتی آپریشنز کی نگرانی براہ راست سی ڈی ایف کے دائرے میں آجائے گی۔ اصلاحات کے تحت ایک نیا فور اسٹار عہدہ بھی قائم کیا گیا ہے جسے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ (سی این ایس سی) کہا جائے گا، جو جوہری اور اسٹریٹجک معاملات کی نگرانی کا ذمہ دار ہوگا۔

1976 میں قائم ہونے والا سی جے سی ایس سی کا عہدہ تقریباً پانچ دہائیوں تک تینوں افواج کی نمائندگی کا مرکز سمجھا جاتا تھا، تاہم ناقدین کے مطابق یہ منصب اپنے بنیادی مقاصد حاصل نہ کرسکا اور نیا نظام بہت زیادہ اختیارات ایک ہی عہدے میں سمیٹ دیتا ہے۔ حامیوں کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی دفاعی ماحول مربوط فیصلہ سازی اور متحد کمانڈ کا تقاضا کرتا ہے۔


قانونی ماہرین کے مطابق نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ضروری ترامیم ابھی باقی ہیں جبکہ جوائنٹ سروسز ہیڈکوارٹرز کے مستقبل کے متعلق بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے الوداعی بیان میں تینوں سروسز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ نیا ڈھانچہ مستقبل کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں