فن لینڈ کا پاکستان، افغانستان اور میانمار میں سفارتخانے بند کرنے کا اعلان

0
18

ویب ڈیسک (ایم این این) – فن لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 تک پاکستان، افغانستان اور میانمار میں اپنے سفارتخانے بند کر دے گا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ انتظامی اور اسٹریٹجک وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جو متعلقہ ممالک کی سیاسی صورتحال اور فن لینڈ کے ساتھ محدود معاشی و تجارتی تعلقات سے جڑا ہے۔

بیان کے مطابق اسلام آباد، کابل اور یانگون میں موجود سفارتی مشنز کو بند کرنے کی تیاریاں پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں۔ یہ اقدام فن لینڈ کے سفارتی نیٹ ورک کی ازسرنو تشکیل اور مشنز کی تعداد کم کر کے وسائل ان ممالک میں استعمال کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے جہاں اسے اپنے خارجہ و تجارتی مفادات زیادہ نظر آتے ہیں۔

وزارت نے مزید کہا کہ سفارتخانوں کی بندش سے متعلق فیصلے صدر مملکت کے حکم نامے کے تحت کیے جاتے ہیں۔ فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والوٹونن نے کہا کہ عالمی ماحول تیزی سے بدل رہا ہے اور نئے حالات میں زیادہ مؤثر اور مقابلے کے قابل سفارتی ڈھانچہ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقصد ان ممالک پر توجہ مرکوز کرنا ہے جو مستقبل میں فن لینڈ کی اقتصادی، سلامتی اور خارجہ ترجیحات کے لیے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ فن لینڈ نے 2012 میں بھی مالی مشکلات کے باعث اسلام آباد مشن بند کیا تھا جسے 2022 میں دوبارہ فعال کیا گیا۔ 2023 میں سویڈن نے بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر اسلام آباد میں اپنا سفارتخانہ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا تھا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں