لکی مروت میں خودکش حملہ، ایک پولیس اہلکار شہید، پانچ زخمی

0
20

لکی مروت (ایم این این); خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں تاجوری کے علاقے میں پولیس موبائل پر خودکش حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ پیر کی صبح پیش آیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے ترجمان آصف حسن کے مطابق خودکش حملہ تاجوری پولیس موبائل پر کیا گیا۔ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل علاؤالدین کے نام سے ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

زخمیوں میں اے ایس آئی حق نواز، کانسٹیبل یار محمد، ایلیٹ فورس کے جوان کمال احمد اور نعیم اللہ جبکہ ڈیوٹی فٹ کانسٹیبل نصراللہ شامل ہیں۔

بعد ازاں پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ credible intel کے مطابق ایک مشکوک موٹر سائیکل سوار بٹنی سب ڈویژن سے بکھمل احمدزئی کی طرف بڑھ رہا تھا اور اس کا ممکنہ ہدف عوامی اجتماع تھا۔ اس اطلاع پر تاجوری پولیس نے کٹا خیل میں ناکہ لگایا۔ دو مشکوک موٹرسائیکل سوار روکنے کے باوجود فرار ہونے لگے اور پولیس نے تعاقب کیا۔

بیان کے مطابق فرار ہوتے ہوئے ایک موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کی اور پولیس کی جوابی کارروائی پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعے کے بعد علاقہ سیل کردیا گیا اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

ڈی پی او نذیر خان نے شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی سے دہشتگردی کی بڑی واردات ناکام بنائی گئی اور کئی بے گناہ جانیں محفوظ رہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جبکہ صوبائی حکومت پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب بنوں ریجن میں سرنگی اڈہ کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کانسٹیبل محمد طارق شہید ہوگئے، وہ ڈیوٹی پر جاتے ہوئے نشانہ بنے۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران کے پی اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ رواں ماہ ہی ہنگو میں چیک پوسٹ پر حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں