اسلام آباد (ایم این این) – وزارتِ صحت نے اتوار کے روز اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں وفاقی دارالحکومت میں فضائی آلودگی میں اضافہ متوقع ہے، کیونکہ خشک موسمِ سرما اسموگ کے خطرے کو بڑھا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اگر آلودگی کی سطح میں اضافہ ہوا تو صورتحال صحت عامہ کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ وزارت نے کہا کہ ایسے حالات میں فضاء میں موجود باریک ذرات انسانی صحت کے لیے نہایت مضر ہوتے ہیں اور اسلام آباد اس وقت اسموگ کے خطرے سے خاص طور پر متاثر ہو سکتا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بیان کے مطابق بچے، بزرگ اور دائمی امراض میں مبتلا افراد اسموگ کے دوران زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں اور انہیں خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
انتباہ میں کہا گیا کہ شدید اسموگ سانس، دل اور آنکھوں سے متعلق بیماریوں کو مزید بگاڑ سکتا ہے۔
شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے اور زیادہ آلودہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو لکڑی یا کچرا جلانے اور دھواں پیدا کرنے والی سرگرمیوں سے پرہیز کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
آنکھوں میں جلن کی صورت میں صاف پانی سے آنکھیں دھونے اور گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک پہننے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سانس لینے میں دشواری یا سینے میں تکلیف محسوس کرنے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دمہ اور سانس کے مریضوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ادویات اپنے پاس رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں استعمال کی جا سکیں۔
وزارتِ صحت نے شہریوں کو اسموگ کے دنوں میں پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔


