اسلام آباد (ایم این این) – ایک غیرمعمولی صورتحال میں پی ٹی سی ایل نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور دیگر میٹا سروسز 36 گھنٹوں تک سست رفتار کا سامنا کر سکتی ہیں۔ یہ سست روی 11 دسمبر کی نصف شب کے بعد شروع ہوگی۔
کمپنی نے اپنے صارفین کو مشورے میں بتایا کہ جمعرات کی صبح 1 بجے سے جمعہ دوپہر 1 بجے تک مجوزہ مینٹیننس اور تکنیکی اپ گریڈ کی وجہ سے میٹا سروسز میں کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
پی ٹی سی ایل کے ایک عہدیدار کے مطابق ملک کے سب سے بڑے انٹرنیٹ اور بیک اینڈ سروس فراہم کنندہ ہونے کی حیثیت سے کمپنی کو صارفین کی جانب سے میٹا ایپس کی رفتار کم ہونے اور سروس میں تعطل کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
دوسری جانب میٹا نے کسی بھی مجوزہ مینٹیننس کے حوالے سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی، نہ ہی یہ واضح کیا کہ ممکنہ اثرات تمام علاقوں میں یکساں ہوں گے یا نہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میٹا اے آئی نے سامنے آنے والے مینٹیننس نوٹس سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسے فیس بک، انسٹاگرام یا کسی دیگر میٹا سروس کی مجوزہ بندش یا سست روی کے بارے میں کوئی معلومات نہیں۔ اس نے کہا کہ اگرچہ میٹا باقاعدہ مینٹیننس کرتا ہے، لیکن صارفین صرف سرکاری چینلز پر دیے گئے اعلانات پر بھروسہ کریں۔
میٹا اے آئی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹس کو ایک عام فشنگ یا اسکیم پیغام سے مشابہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اسے سرکاری ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ میٹا کے آفیشل اسٹیٹس پیج سے معلومات حاصل کریں اور مشکوک ایس ایم ایس پیغامات سے محتاط رہیں، خاص طور پر وہ جو مخصوص نمبروں پر میسج کرنے کی ہدایت دیتے ہیں۔
میٹا نے وضاحت کی کہ معمول کی مینٹیننس بیک اینڈ سسٹمز اپڈیٹ کرنے، سیکیورٹی مضبوط بنانے اور کارکردگی بہتر کرنے کے لیے کی جاتی ہے۔


