ویب ڈیسک (ایم این این): بھارت میں لیونل میسی کے ایک ایونٹ کے دوران اس وقت افراتفری پھیل گئی جب اسٹار فٹبالر کے اچانک اسٹیڈیم چھوڑنے پر مشتعل شائقین نے رکاوٹیں توڑ دیں اور میدان میں داخل ہو گئے۔
ارجنٹینا اور انٹر میامی کے 38 سالہ سپر اسٹار ہفتے کی صبح مغربی بنگال پہنچے، جہاں انہیں “گوٹ ٹور” کے تحت شائقین کی زبردست پذیرائی ملی۔
چند گھنٹوں بعد کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہزاروں شائقین میسی کی جرسی پہنے اور ارجنٹینا کے پرچم لہراتے ہوئے جمع ہوئے، تاہم سخت سکیورٹی کے باعث بیشتر افراد میسی کو قریب سے دیکھنے سے محروم رہے۔

میسی نے مختصر طور پر میدان کا چکر لگایا اور شائقین کی جانب ہاتھ ہلانے کے بعد طے شدہ وقت سے پہلے اسٹیڈیم چھوڑ دیا، جس پر مہنگے ٹکٹ خریدنے والے شائقین شدید برہم ہو گئے۔
غصے میں آئے افراد نے اسٹیڈیم کی نشستیں توڑ دیں، پانی کی بوتلیں پھینکیں اور کئی شائقین میدان میں گھس کر بینرز اور خیموں کو نقصان پہنچاتے رہے۔
ایک تاجر نابن چٹرجی نے اے ایف پی کو بتایا کہ میسی کو دیکھنا ان کا خواب تھا، مگر بدانتظامی کے باعث وہ ایک جھلک بھی نہ دیکھ سکے۔
ہنگامے سے قبل میسی نے 21 میٹر بلند مجسمے کی نقاب کشائی کی، جس میں انہیں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائے دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک مختصر نمائشی میچ بھی متوقع تھا۔
ایک اور شائق نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ کئی افراد نے میسی کو دیکھنے کے لیے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ خرچ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکار تصاویر بنانے میں مصروف رہے جبکہ انتظامیہ مکمل طور پر ناکام رہی۔
صوبائی پولیس کے سینئر افسر جاوید شمیع نے تصدیق کی کہ ایونٹ کے مرکزی منتظم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ صورتحال اب معمول پر آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کے معاملات پر غور کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے واقعے پر تشویش اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے میسی اور شائقین سے معذرت کی اور تحقیقات کا حکم دیا۔
آل انڈیا فٹبال فیڈریشن نے وضاحت کی کہ یہ ایک نجی ایونٹ تھا جس کی منصوبہ بندی یا انعقاد میں فیڈریشن کا کوئی کردار نہیں تھا۔
میسی اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں حیدرآباد، ممبئی اور نئی دہلی جائیں گے، جہاں ان کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
میسی نے حال ہی میں انٹر میامی کو ایم ایل ایس ٹائٹل جتوانے کے بعد مسلسل دوسری بار لیگ کا سب سے قیمتی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا ہے اور وہ آئندہ سال ورلڈ کپ کے دفاع کے لیے ارجنٹینا کی قیادت کریں گے۔


