پہلگام سیاحوں پر حملہ: بھارت نے چھ افراد پر فردِ جرم عائد کر دی، مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن میں تیزی

0
2

ویب ڈیسک (ایم این این) — بھارت کی انسدادِ دہشت گردی ایجنسی نے پیر کے روز اعلان کیا کہ اس نے مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے مہلک حملے کے سلسلے میں چھ افراد کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی ہے۔

قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے بیان کے مطابق چارج شیٹ میں لشکرِ طیبہ اور دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) کو بھی بطور تنظیم حملے کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 سیاح ہلاک ہو گئے تھے۔

این آئی اے کے مطابق نامزد تین افراد کو حملے کے چند ہفتوں بعد مقبوضہ کشمیر کے جنگلاتی علاقے میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا، جبکہ دو افراد اس وقت بھارتی حراست میں ہیں۔ ایجنسی نے بتایا کہ دو مقامی افراد پرویز احمد اور بشیر احمد جوتھاٹد کو جون میں حملہ آوروں کو پناہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جن پر اب باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

لشکرِ طیبہ پر پاکستان نے 2002 میں اس وقت پابندی عائد کی تھی جب ملک میں جنرل پرویز مشرف کی حکومت تھی۔ دی ریزسٹنس فرنٹ، جسے بھارت نے حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا، حال ہی میں امریکا کی جانب سے دہشت گرد تنظیم قرار دی گئی ہے۔

حملے کے بعد بھارت نے بغیر شواہد پاکستان پر الزام عائد کیا، جسے اسلام آباد نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھتے بڑھتے مئی میں چار روزہ فوجی تصادم میں تبدیل ہو گئی۔

صورتحال کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے کے لیے اہم دارالحکومتوں کا سفارتی دورہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس ذمہ داری کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو نامزد کیا۔

ادھر حملے کے بعد بھارتی حکام نے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا، جس کے دوران دو ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا اور متعدد گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔

یہ گرفتاریاں سرینگر، گاندربل، بانڈی پورہ، کپواڑہ، بارہمولہ، بڈگام، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور کلگام سمیت مختلف اضلاع میں کی گئیں، جس سے خطے میں انسانی حقوق کی صورتحال پر مزید خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں