جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری، اسلام آباد بار کی ہڑتال کا اعلان

0
2

اسلام آباد (ایم این این): جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کے معاملے پر صدرِ مملکت نے وزیرِ اعظم کے مشورے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں یہ منظوری دی، جس میں عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ تقرری کے وقت جسٹس جہانگیری درست اور اہل ایل ایل بی ڈگری کے معیار پر پورا نہیں اترتے تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عہدہ خالی کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔

دوسری جانب اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کے خلاف کل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ہڑتال نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کے احترام پر یقین رکھتی ہے اور ہم ہمیشہ آئین اور قانون کے خلاف اقدامات کے خلاف کھڑے رہے ہیں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن اس فیصلے کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کرتی ہے، اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کسی بھی مقدمے کا فیصلہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے بغیر نہیں ہونا چاہیے۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ غیر آئینی فیصلے کے خلاف کل مکمل ہڑتال کی جائے گی اور وکلا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں