ویب ڈیسک (ایم این این): استنبول نیول شپ یارڈ کمانڈ میں منعقدہ تقریب کے دوران ترکیہ نے باضابطہ طور پر ملگیم منصوبے کے تحت تیار کیا گیا جدید جنگی بحری جہاز پی این ایس خیبر پاکستان کے حوالے کر دیا۔ یہ پیش رفت پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون میں ایک اور اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان کی دوستی مشترکہ تاریخ میں جڑی ہوئی ہے اور صدیوں کی آزمائشوں سے گزر کر مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے یہ بھائی چارہ ہمیشہ قائم رہے گا اور مزید ترقی کرے گا۔
پی این ایس خیبر کی پاکستان نیوی میں شمولیت سے بحری دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ جدید کورویٹ جدید ریڈار، ہتھیاروں اور اسٹیلتھ خصوصیات سے لیس ہے، جو سمندری حدود کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ملگیم منصوبہ ترکیہ کا ایک اہم قومی دفاعی پروگرام ہے، جس کا مقصد جدید جنگی بحری جہاز تیار کرنا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت پاکستان نیوی کے لیے چار ملگیم کورویٹس تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں سے دو ترکیہ جبکہ دو کراچی شپ یارڈ میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ساتھ تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک تعلقات کا عکاس ہے، جن میں دفاعی پیداوار، مشترکہ فوجی مشقیں اور تربیت شامل ہیں۔ خطے میں بدلتی ہوئی بحری سلامتی کی صورتحال کے تناظر میں یہ تعاون پاکستان کی بحری قوت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔


