پی ٹی وی میں مافیا بن چکا ہے، یا مافیا رہے گا یا میں، عطا اللہ تارڑ

0
6

اسلام آباد (ایم این این): وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی وژن میں مافیا قابض ہو چکا ہے اور اب یا تو مافیا باقی رہے گا یا پھر وہ خود۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں ایک مالی کو پروڈیوسر تعینات کر دیا گیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں ارکان نے پیمرا اور پی ٹی وی کے سربراہان کی تقرریوں میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔

قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ کسی بھی ادارے کے سربراہ کی مدت پوری ہونے سے پہلے نئی تقرری کا عمل شروع کیا جانا چاہیے۔

اجلاس کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ پی ٹی وی میں بغیر ٹینڈر تزئین و آرائش کے کام کروائے گئے۔ اس پر کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پی ٹی وی کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے پی ٹی وی کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی غور کے لیے آئندہ اجلاس میں بحث اور ادارے کے معاملات دیکھنے کے لیے ذیلی کمیٹی قائم کرنے پر بھی غور کرنے کا عندیہ دیا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی دس ہزار ملازمین کے ساتھ نہیں چل سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی اینکر کی سفارش لینے کے بجائے وہ گھر جانا بہتر سمجھیں گے۔

کمیٹی کے ارکان نے رائے دی کہ سیاسی بنیادوں پر کی گئی بھرتیوں کے باعث سرکاری اداروں میں مافیاز پیدا ہوئے ہیں۔ ارکان نے نئے سیکرٹری اطلاعات سے تعاون کی امید بھی ظاہر کی۔

میڈیا اشتہارات پر بات کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اشتہارات کا فائدہ عام ملازمین تک نہیں پہنچتا جبکہ کئی میڈیا اداروں میں ڈرائیورز اور ٹیکنیشنز کو تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔

وزیر اطلاعات نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ نیا ویج بورڈ ایوارڈ جلد جاری کیا جائے گا۔ اجلاس میں انفارمیشن کمیشن کی تشکیل سے متعلق پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

قائمہ کمیٹی نے اتفاقِ رائے سے پیمرا ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی، جبکہ سلیکشن کمیٹی نے چیئرمین پیمرا کے لیے نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کر دیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں