انقرہ کے قریب طیارہ حادثہ، لیبیا کے آرمی چیف سمیت پانچ افراد جاں بحق

0
4

ویب ڈیسک (ایم این این): لیبیا کے چیف آف آرمی اسٹاف محمد علی احمد الحداد اور چار دیگر اعلیٰ لیبیائی حکام ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے قریب طیارہ حادثے میں جاں بحق ہو گئے، جس کی تصدیق لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید دبیبہ نے کی ہے۔

وزیر اعظم دبیبہ نے اپنے بیان میں واقعے کو ایک افسوسناک حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وفد انقرہ کے سرکاری دورے کے بعد وطن واپس جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف قوم بلکہ فوجی ادارے کے لیے بھی ایک بڑا نقصان ہے، کیونکہ جاں بحق ہونے والے افسران نظم و ضبط، ذمہ داری اور قومی وابستگی کی مثال تھے۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا کے مطابق فالکن 50 بزنس جیٹ نے انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے طرابلس کے لیے پرواز کی، تاہم کچھ دیر بعد طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ بعد ازاں ترک جینڈارمری نے حیمانہ ضلع میں کیسک کاواک گاؤں کے قریب طیارے کا ملبہ برآمد کیا، جو انقرہ سے تقریباً 74 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق طیارے نے حیمانہ کے علاقے کے اوپر ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی، مگر اس کے بعد کوئی رابطہ قائم نہ ہو سکا۔ ترک میڈیا نے اس علاقے میں آسمان پر ایک زوردار دھماکے کی ویڈیوز بھی نشر کیں۔

ترکیہ کے وزیر انصاف یلماز تونچ نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انقرہ کے چیف پراسیکیوٹر کے دفتر نے باقاعدہ انکوائری شروع کر دی ہے۔

محمد علی الحداد اس ہفتے ترکیہ کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے ترک فوجی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ترکیہ کی پارلیمنٹ نے ایک روز قبل لیبیا میں ترک فوج کی تعیناتی میں مزید دو سال کی توسیع کی منظوری دی تھی، جو دونوں ممالک کے قریبی دفاعی اور سیاسی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں