راولپنڈی (ایم این این): چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جمعرات کو اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد الہنیتی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی، جہاں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اردن کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اردن کے عسکری سربراہ نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کی تعریف کی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان عسکری تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ 16 نومبر کو بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اردن کے ساتھ فوجی سطح پر تعاون بڑھانے اور ایک پُرامن و مستحکم خطے کے مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
اس سے قبل اردن کے شاہ عبداللہ دوم بن الحسین کے دورہ پاکستان کے دوران بھی آرمی چیف نے پاکستان اور ہاشمی مملکت کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری پر زور دیا تھا۔ 23 اکتوبر کو اردن کے دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں خطے کے امن و سلامتی کے لیے پاکستان فوج کے کردار کو سراہا تھا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عمان میں اردن کے جنرل ہیڈکوارٹرز میں میجر جنرل الہنیتی سے بھی ملاقات کی، جہاں ان کا شاندار گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا گیا۔


