اسلام آباد (ایم این این) — وفاقی حکومت نے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام پر یوٹیوبر عادل فاروق راجہ کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی، جس کے بعد وزارتِ داخلہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عادل فاروق راجہ پر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے کا الزام ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان کی سرگرمیاں پاکستان کی سلامتی، سالمیت اور امنِ عامہ کے لیے سنگین خطرہ سمجھی جا رہی تھیں۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کیا گیا اور قومی سلامتی و عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے فورتھ شیڈول میں شامل کرنا ضروری قرار دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر مزید قانونی کارروائی متعلقہ قوانین کے مطابق کی جائے گی۔


