پاک افغان تجارت کی بحالی کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم

0
15

لنڈی کوتل (ایم این این) – پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی راہداریوں کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری رہنماؤں نے ورچوئل اجلاس میں دوطرفہ تجارت بحال کرنے کے لیے اہم اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔

لنڈی کوتل اور خیبر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق زوم اجلاس کی قیادت پاکستان کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ایس ایم تنویر نے کی، جبکہ افغان وفد کی سربراہی افغان چیمبر آف کامرس کے سرپرست اعلیٰ سید کریم ہاشمی نے کی۔

اجلاس کے دوران دونوں فریقین نے 12 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا، جس میں پاکستان اور افغانستان سے چھ، چھ نمائندے شامل ہوں گے۔ اس کمیٹی کا مقصد تجارتی مسائل کا حل اور دوطرفہ تجارت کا فروغ ہوگا۔

فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس 6 جنوری کو طورخم بارڈر پر منعقد کیا جائے گا، جہاں تجارتی راستوں کی دوبارہ بحالی اور کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

پاکستان کی جانب سے سید جواد حسین کاظمی کو مشترکہ کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا گیا۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ کمیٹی مختلف شہروں میں اجلاس منعقد کرے گی اور پاک افغان تجارت کے فروغ کے لیے مؤثر پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے گی۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجر تعاون کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کو قریب لانے میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کاروباری رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کمیٹی کی کاوشوں سے سرحدی رکاوٹیں کم ہوں گی اور تجارتی عمل مزید آسان اور مؤثر بن سکے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں