مودی اور ٹرمپ کے درمیان فون کال نہ ہونے سے بھارت، امریکا تجارتی معاہدہ تاخیر کا شکار

0
15

ویب ڈیسک (ایم این این): امریکا کے سیکریٹری تجارت ہاورڈ لٹنک نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکا کے درمیان مجوزہ تجارتی معاہدہ اس لیے تاخیر کا شکار ہوا کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کر کے مذاکرات کو حتمی شکل نہیں دی۔

جمعے کو ایک انٹرویو میں لٹنک نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات گزشتہ سال ناکام ہو گئے، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے اگست میں بھارتی مصنوعات پر محصولات بڑھا کر 50 فیصد کر دیے، جو دنیا میں سب سے زیادہ شرح ہے۔ ان میں روسی تیل کی خریداری پر بھارت کے خلاف 25 فیصد اضافی ڈیوٹی بھی شامل تھی۔

آل اِن پوڈکاسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے لٹنک نے کہا کہ معاہدے کا خاکہ تیار تھا، مگر قیادت کی سطح پر براہِ راست رابطہ ضروری تھا۔ ان کے مطابق مودی اس کال پر آمادہ نہ ہوئے اور یوں معاہدہ آگے نہ بڑھ سکا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب صدر ٹرمپ نے اس ہفتے خبردار کیا تھا کہ اگر بھارت نے روسی تیل کی درآمدات کم نہ کیں تو محصولات میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

اس انتباہ کے بعد بھارتی روپیہ ریکارڈ کم ترین سطح پر چلا گیا، جبکہ سرمایہ کار طویل عرصے سے زیرِ التوا تجارتی معاہدے میں پیش رفت کے منتظر ہیں۔

لٹنک نے مزید کہا کہ بھارت ایسی ٹیرف شرح چاہتا ہے جو برطانیہ اور ویتنام کو دی گئی پیشکشوں کے درمیان ہو، تاہم وہ پیشکش اب ختم ہو چکی ہے۔

بھارتی وزارتِ تجارت نے فوری طور پر اس معاملے پر تبصرہ نہیں کیا۔ تاہم رائٹرز کے مطابق گزشتہ سال دونوں ممالک معاہدے کے قریب پہنچ چکے تھے، مگر رابطے میں خلل کے باعث بات چیت ناکام ہو گئی۔ ایک بھارتی عہدیدار نے کہا کہ وزیراعظم مودی کو خدشہ تھا کہ یکطرفہ گفتگو انہیں مشکل صورتحال میں ڈال سکتی ہے۔

بیان درست نہیں
بعد ازاں بھارت نے لٹنک کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات دہلی اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والی بات چیت کی درست عکاسی نہیں کرتے۔

بی بی سی کے مطابق بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ بھارت اور امریکا فروری 2025 سے دوطرفہ تجارتی معاہدے پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں اور کئی ادوار میں مذاکرات ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعدد مواقع پر معاہدہ طے پانے کے قریب تھا، جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے 2025 کے دوران مختلف امور پر امریکی صدر سے آٹھ مرتبہ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں