اسلام آباد (ایم این این): متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں زاہد ملک نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں دلہا دلہن کی ہلاکت نہایت دردناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ قیمتی جانوں کے ضیاع نے وفاقی دارالحکومت کی فضا کو سوگوار بنا دیا ہے۔
انہوں نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ناقص حکمت عملی اور غفلت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اقدامات کی کمی اور بدانتظامی کے باعث معصوم شہری اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔
زاہد ملک نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے زاہد ملک نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی، معاشی اور انتظامی بحران کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بدانتظامی اور اختیارات کی غیر منصفانہ تقسیم نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران طبقات اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں، جبکہ عوامی مسائل پسِ پشت ڈالے جا رہے ہیں۔
زاہد ملک نے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی اداروں کو مکمل مالی اور انتظامی خودمختاری دی جائے۔ انہوں نے شہری اور دیہی تقسیم کے نام پر ہونے والی ناانصافیوں کے خاتمے پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام اکائیوں اور علاقوں کو مساوی ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں اور بند کمروں میں فیصلے کرنے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا، تاکہ ملک کو درست سمت میں آگے بڑھایا جا سکے۔


