اسپیکر قومی اسمبلی اور تھائی سفیر کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور پارلیمانی تعاون پر تبادلہ خیال

0
12

اسلام آباد (ایم این این) – اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے تھائی لینڈ کے سفیر مسٹر رونگ وُدھی ویرا بُوتر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ اپنے دیرینہ، دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

سردار ایاز صادق نے تھائی لینڈ میں حالیہ سمندری طوفان کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان میں مذہبی سیاحت کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف تہذیبوں، ثقافتوں اور مذاہب کا گہوارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال بدھ مت، سکھ اور دیگر مذاہب کے ماننے والے بڑی تعداد میں پاکستان کے مقدس مقامات کی زیارت کے لیے آتے ہیں، جبکہ گندھارا تہذیب کے متعدد اہم آثارِ قدیمہ بھی پاکستان میں موجود ہیں۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کو ایک عالمی اور مشترکہ چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اور عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

خواتین کے کردار پر بات کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں وویمن پارلیمنٹری کاکس قائم کیا گیا ہے جو خواتین کے حقوق، فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم پاک-تھائی لینڈ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دونوں پارلیمانوں کے درمیان روابط کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

تھائی لینڈ کے سفیر مسٹر رونگ وُدھی ویرا بُوتر نے پارلیمانی روابط کے فروغ سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور تھائی لینڈ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

تھائی سفیر نے بتایا کہ تھائی لینڈ پاکستان میں سماجی ترقی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور تھائی تعاون سے پاکستان میں متعدد سماجی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور اقتصادی و سماجی میدانوں میں باہمی اشتراک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں