واشنگٹن (ایم این این) – والٹ ڈزنی کمپنی نے ادارہ جاتی سطح پر ایک نیا مارکیٹنگ اور برانڈ ڈھانچہ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی نژاد ایگزیکٹو اسد ایاز کو اپنا پہلا چیف مارکیٹنگ اور برانڈ آفیسر مقرر کر دیا ہے، جس کے بعد وہ عالمی تفریحی ادارے کی اعلیٰ قیادت میں شامل ہو گئے ہیں۔
اسد ایاز 1978 میں پاکستان میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان ایئر فورس کے ایک سینئر افسر کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے اپنے بچپن کا کچھ حصہ مشرق وسطیٰ میں گزارا، جہاں ان کے والد شام اور لبنان میں پاکستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، بعد ازاں وہ نوعمری میں اپنے خاندان کے ہمراہ امریکا منتقل ہو گئے۔
ڈزنی کے مطابق نئی تنظیم کا مقصد کمپنی کے مختلف کاروباری شعبوں میں مارکیٹنگ ٹیموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا اور دنیا بھر میں صارفین کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اپنے نئے منصب میں اسد ایاز ڈزنی کے اسٹوڈیوز، اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، تھیم پارکس اور کنزیومر پروڈکٹس کے لیے مارکیٹنگ اور برانڈ حکمت عملی کی نگرانی کریں گے۔
ڈزنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر باب آئیگر نے تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ عہدہ ایسے وقت میں انتہائی اہم ہے جب کمپنی کے کاروبار اور صارفین سے رابطے کے ذرائع تیزی سے بڑھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے میں اسد ایاز نے اپنی قیادت کے ذریعے ڈزنی کی تخلیقی روح کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
باب آئیگر کا کہنا تھا کہ کمپنی کو ایک ایسے جامع کردار کی ضرورت تھی جو برانڈ کے تسلسل کو یقینی بنائے اور صارفین کو ڈزنی کے مختلف تجربات سے باآسانی جوڑ سکے۔
اسد ایاز نے 20 برس سے زائد عرصہ قبل ڈزنی میں شمولیت اختیار کی تھی اور حال ہی میں وہ والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز کے صدر برائے مارکیٹنگ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جبکہ ڈزنی پلس کی عالمی مارکیٹنگ کی ذمہ داریاں بھی ان کے پاس تھیں۔ انہیں 2023 میں چیف برانڈ آفیسر مقرر کیا گیا تھا۔
ماضی کے انٹرویوز میں اسد ایاز نے امریکا منتقل ہونے کے بعد پاپ کلچر میں اپنی ابتدائی دلچسپی کا ذکر کیا۔ انہوں نے 2024 میں ورلڈ فیڈریشن آف ایڈورٹائزرز کو بتایا تھا کہ ان کے کمرے کی دیواروں پر بیٹ مین ریٹرنز، دی سمپسنز اور تھیلما اینڈ لوئس جیسے پروگرامز اور فلموں کے پوسٹرز لگے ہوتے تھے۔
بیننگٹن کالج، ورمونٹ سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد اسد ایاز نے کنسلٹنگ کے شعبے میں کام کیا اور پھر لاس اینجلس منتقل ہو کر یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا سے معاشیات میں ماسٹرز کیا، جہاں انہیں پہلی بار تفریحی صنعت سے وابستگی کا موقع ملا۔
ڈزنی کی اعلیٰ قیادت، جن میں ایلن برگمین، ڈانا والڈن، جوش ڈی امارو اور جمی پیٹارو شامل ہیں، نے اسد ایاز کو ایک غیرمعمولی تخلیقی رہنما قرار دیا جن میں مضبوط اسٹریٹجک اور انتظامی صلاحیتیں موجود ہیں۔
چیف مارکیٹنگ اور برانڈ آفیسر کی حیثیت سے اسد ایاز براہ راست باب آئیگر کو رپورٹ کریں گے اور ڈزنی کے مختلف کاروباری شعبوں کے سربراہان کے ساتھ قریبی تعاون کریں گے۔ کمپنی کے مطابق نیا متحدہ مارکیٹنگ ڈھانچہ برانڈ ہم آہنگی اور عالمی سطح پر ناظرین سے روابط کو مزید مؤثر بنائے گا۔
اس تقرری کے ساتھ اسد ایاز ان چند پاکستانی نژاد شخصیات میں شامل ہو گئے ہیں جو امریکا کی بڑی کارپوریشنز میں اعلیٰ قیادتی عہدوں پر فائز ہیں۔


