پاکستان سمیت عرب و مسلم ممالک کا غزہ کے انتظامی قومی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم

0
11

ویب ڈیسک (ایم این این)- پاکستان اور عرب و مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کی پٹی کے انتظام کے لیے قومی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے، جو ایک عارضی عبوری ادارے کے طور پر شہری امور سنبھالے گی۔

مشترکہ بیان کے مطابق پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے 14 جنوری 2026 کو نیشنل کمیٹی فار ایڈمنسٹریشن آف غزہ اسٹرپ کے قیام کا خیرمقدم کیا، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 اور جامع امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت، فلسطینی اتھارٹی کے تعاون سے تشکیل دی گئی ہے۔

وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ کمیٹی فوری طور پر غزہ کے عوام کے روزمرہ معاملات سنبھالے، جبکہ مغربی کنارے اور غزہ کے درمیان ادارہ جاتی اور جغرافیائی تعلق کو برقرار رکھا جائے۔ بیان میں غزہ کی وحدت کو یقینی بنانے اور اسے تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کیا گیا۔

مشترکہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا بھی خیرمقدم کیا گیا اور غزہ میں جنگ کے خاتمے، اسرائیلی فوج کے انخلا، مغربی کنارے کے انضمام کو روکنے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا گیا۔

وزرائے خارجہ نے جنگ بندی کو مضبوط بنانے، کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے اور غزہ میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے غزہ بھر میں ابتدائی بحالی اور تعمیر نو کے کام شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

بیان میں فلسطینی اتھارٹی کی غزہ میں واپسی اور ذمہ داریاں سنبھالنے کی راہ ہموار کرنے پر زور دیا گیا، تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں، عرب امن اقدام اور دو ریاستی حل کے تحت منصفانہ، جامع اور پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔ وزرائے خارجہ نے 4 جون 1967 کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں