اسلام آباد (ایم این این) – چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کی نائب وزیر سن ہائیان نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ معاونِ خصوصی طارق فاطمی، چین کے لیے وزیراعظم کے خصوصی نمائندے سفیر ظفر الدین محمود اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے چینی معزز مہمان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سال کا آغاز پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے کامیاب دورہ بیجنگ سے ہوا، جس کے بعد وزیر داخلہ نے شنگھائی کا دورہ کیا، جبکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کے دورۂ چین کی بھی توقع ہے۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان اور چین کے آہنی، ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری ہر حال میں مضبوط اور غیر متزلزل رہے گی۔ وزیراعظم نے ون چائنا پالیسی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
اقتصادی تعاون پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے سی پیک سمیت مختلف منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے لیے چین کی فراخدلانہ معاونت کو سراہا اور سی پیک کے اگلے مرحلے پر بروقت عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کو رواں سال پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت بھی دہرائی اور اسے دونوں ممالک کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
چینی نائب وزیر سن ہائیان نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور آزمودہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے ملک میں اقتصادی اور سیاسی استحکام لانے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور کہا کہ چینی عوام پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کے پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ قریبی روابط ہیں اور موثر حکمرانی کے لیے سیاسی قوتوں کو یکجا کرنے میں وزیراعظم کے کردار کو سراہا۔
چینی نائب وزیر نے پارٹی ٹو پارٹی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


