بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 3 ارب ڈالر کا ایل این جی معاہدہ، تجارتی و دفاعی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

0
19

نئی دہلی (ایم این این): بھارت نے پیر کے روز متحدہ عرب امارات کے ساتھ تین ارب ڈالر کا مائع قدرتی گیس (ایل این جی) معاہدہ طے کر لیا، جس کے بعد بھارت یو اے ای کا سب سے بڑا ایل این جی خریدار بن گیا۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان تجارت اور دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق مذاکرات کے دوران طے پایا۔

یہ معاہدہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے بھارت کے مختصر دو گھنٹے کے دورے کے دوران کیا گیا، جہاں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ چھ برسوں میں دوطرفہ تجارت کو 200 ارب ڈالر تک بڑھانے اور اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کے قیام پر اتفاق کیا۔

معاہدے کے تحت ابو ظہبی کی سرکاری کمپنی اے ڈی این او سی گیس بھارت کی ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن کو دس سال تک سالانہ پانچ لاکھ میٹرک ٹن ایل این جی فراہم کرے گی۔ اے ڈی این او سی گیس کے مطابق اس معاہدے کے بعد بھارت کے ساتھ اس کے مجموعی معاہدوں کی مالیت 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ بھارت اب یو اے ای کا سب سے بڑا صارف بن چکا ہے اور ایل این جی حکمت عملی میں ایک اہم شراکت دار ہے۔

یو اے ای اس وقت بھارت کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ شیخ محمد کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود تھا، جس میں وزیر دفاع اور وزیر خارجہ شامل تھے۔

بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے بتایا کہ دونوں ممالک نے اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کی جانب پیش رفت کے لیے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مطلب بھارت کا علاقائی تنازعات میں شامل ہونا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے کسی ملک کے ساتھ دفاعی تعاون کا یہ مطلب نہیں کہ بھارت وہاں جاری تنازعات میں کسی خاص انداز سے مداخلت کرے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں دفاعی صف بندی میں تبدیلیاں آ رہی ہیں، گزشتہ برس پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کا معاہدہ کیا تھا، جبکہ حال ہی میں پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے درمیان ممکنہ دفاعی فریم ورک پر بھی بات چیت کا اعلان کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں