لاہور (ایم این این): پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں قید اپنے کارکنان اور ان کے اہل خانہ کو قانونی اور فلاحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس کمیٹی کا نام پی ٹی آئی پنجاب لیگل اینڈ ویلفیئر کمیٹی رکھا گیا ہے۔ کمیٹی میں حیدر مجید، فائزہ مراد اور علی اعجاز بٹّر کو شامل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی ان پارٹی ارکان کی معاونت کے لیے تشکیل دی گئی ہے جو سزا یافتہ ہیں یا اس وقت جیل میں ہیں، جبکہ ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود بھی اس کی ذمہ داری ہو گی۔ پنجاب میں پی ٹی آئی سے وابستہ قیدیوں اور ان کے خاندانوں سے متعلق تمام قانونی اور فلاحی معاملات کمیٹی کے کسی بھی رکن کے سپرد کیے جا سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی ضرورت کے مطابق اجلاس منعقد کرے گی اور پارٹی قیادت سے قریبی رابطے میں رہے گی۔ سیکرٹری جنرل کے دفتر کو تمام اہم پیش رفت اور ان معاملات سے آگاہ رکھا جائے گا جن کے لیے صوبائی یا مرکزی سطح پر مداخلت درکار ہو۔
پی ٹی آئی نے مشکل حالات میں اپنے کارکنان اور ان کے اہل خانہ کو قانونی اور فلاحی مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پارٹی کارکنان میں یہ خدشات بڑھ رہے تھے کہ تمام توجہ بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی پر مرکوز ہے، جبکہ جیلوں میں بند کارکنان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر ہونے والے ہفتہ وار احتجاج کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا جا رہا ہے، مگر ان کے مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔


