الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت کی بڑی سبسڈی اسکیم کا آغاز

0
10

اسلام آباد (ایم این این) — وفاقی حکومت نے ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ایک بڑی سبسڈی اسکیم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت وزیراعظم شہباز شریف نے الیکٹرک بائیکس، رکشوں، لوڈرز اور گاڑیوں کے لیے مالی مراعات کی منظوری دے دی ہے۔

وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ سبسڈی مرحلہ وار دی جائے گی، جس کا آغاز 41 ہزار الیکٹرک گاڑیوں کی معاونت سے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں 40 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں اور ایک ہزار الیکٹرک رکشے اور لوڈرز شامل ہیں۔

پہلے مرحلے کے تحت الیکٹرک بائیک خریدنے والے صارفین کو 80 ہزار روپے تک سبسڈی دی جائے گی، جو براہِ راست مستحق افراد کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔

عوام کو کم لاگت اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت نے الیکٹرک بائیکس اور رکشوں کے لیے آسان اقساط کی سہولت بھی متعارف کرا دی ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ سبسڈی صرف رجسٹرڈ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ غیر رجسٹرڈ گاڑیاں اس سہولت کی اہل نہیں ہوں گی۔

دوسرے مرحلے میں 78 ہزار 170 مزید الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 8.95 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ تصدیق شدہ درخواست گزاروں کو سبسڈی کی رقم کی منتقلی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

حکومت نے 2030 تک الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سستی، صاف اور پائیدار ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا اور ایندھن پر انحصار کم کرنا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں