اسپورٹس ڈیسک (ایم این این): پاکستان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
انگلینڈ کے خلاف ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں 37 رنز کی شکست کے بعد گرین شرٹس نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کو مسلسل میچز میں شکست دی۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا، جبکہ انگلینڈ سرفہرست رہا۔ ٹورنامنٹ فارمیٹ کے مطابق چاروں گروپس سے ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں جگہ بناتی ہیں، جس کے باعث شکست کے باوجود زمبابوے بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔
پاکستان انڈر 19 کے کپتان فرحان یوسف نے ہرارے کے تاکاشنگا اسپورٹس کلب میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
سمیر منہاس نے 75 گیندوں پر ناقابلِ شکست 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے، اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ عثمان خان نے 26 اور احمد حسین نے 24 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
پاکستانی بولرز نے بھی زمبابوے کے بیٹرز پر مکمل دباؤ قائم رکھا۔ علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں اور چار میڈن اوورز کروائے۔ محمد سیام، عبدالصمد اور مومن قمر نے بھی دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
زمبابوے کی جانب سے نیتھنیئل ہلابانگانگا 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم دیگر بیٹرز کوئی خاص کردار ادا نہ کر سکے۔ آٹھ زمبابوین بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
پاکستان نے زمبابوے کو 35.5 اوورز میں 128 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 27ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا اور با آسانی میچ اپنے نام کر لیا۔


