آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا

0
12

لاہور (ایم این این): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کے بھارت جانے سے انکار کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کا آغاز 7 فروری سے ہونا ہے، ای ایس پی این کرک انفو نے ہفتے کو رپورٹ کیا۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے جمعہ کی شام بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ای میل کے ذریعے فیصلے سے آگاہ کیا، جب بی سی بی نے آئی سی سی کو بتایا کہ بنگلہ دیشی حکومت نے ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی سی بی نے جمعرات کو آئی سی سی سے ہونے والے رابطے میں معاملہ آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

بنگلہ دیش نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ سیاسی تعلقات اور سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ اس کے میچز شریک میزبان ملک سری لنکا میں کرائے جائیں۔

اس سے قبل آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ آئی سی سی نے بورڈ اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا تھا کہ تمام سیکیورٹی جائزوں، بشمول آزادانہ رپورٹس، کے مطابق بھارت میں کسی بھی مقام پر بنگلہ دیشی کھلاڑیوں، آفیشلز، میڈیا یا شائقین کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔

آئی سی سی کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ سے اتنے کم وقت قبل شیڈول میں تبدیلی ممکن نہیں اور بغیر کسی مستند سیکیورٹی خطرے کے تبدیلی مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس کے لیے غلط مثال قائم کر سکتی ہے۔

بنگلہ دیش نے 4 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ وہ بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز نہیں کھیلے گا، جس کے بعد اس نے باضابطہ طور پر اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم آئی سی سی کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کے باوجود بنگلہ دیش نے بھارت جانے سے انکار برقرار رکھا، جس کے نتیجے میں اس کی ٹورنامنٹ سے عملاً دستبرداری سامنے آئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کے روز کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے اور اسے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت ملنی چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے مطابق ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت بیرونِ ملک ہیں اور ان کی واپسی کے بعد پاکستان کا حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔

محسن نقوی نے آئی سی سی کے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ مؤقف آئی سی سی بورڈ اجلاس میں بھی واضح کیا تھا کہ دوہرا معیار قابل قبول نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش ایک بڑا رکن ملک ہے اور اسے اس طرح ٹورنامنٹ سے باہر کرنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے لیے ہائبرڈ ماڈل اپنایا جا سکتا ہے تو بنگلہ دیش کے لیے بھی ایسا ہی حل نکالا جانا چاہیے۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ کوئی ملک دوسرے پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا اور اگر ایسا کیا گیا تو پاکستان اپنا الگ مؤقف اختیار کرے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ بائیکاٹ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومتِ پاکستان کرے گی اور تمام آپشنز زیر غور ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں