اسلام آباد (ایم این این): میگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی) نے دنیا کی سب سے بڑی نیو انرجی وہیکل بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی کے اشتراک سے پاکستان میں بی وائی ڈی سیلیون 7 اور بی وائی ڈی ایٹو 2 متعارف کرا دی ہیں، جو ملک میں صاف، جدید اور پائیدار ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
دونوں مکمل الیکٹرک ایس یو ویز کی لانچنگ لاہور میں ایک خصوصی ڈیلرشپ تقریب کے دوران کی گئی۔ ان ماڈلز کے اضافے سے پاکستان میں بی وائی ڈی-ایم ایم سی کا الیکٹرک وہیکل پورٹ فولیو مزید وسیع ہو گیا ہے، جو لگژری اور شہری ڈرائیونگ دونوں ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ دونوں گاڑیوں کی بکنگ ملک بھر میں شروع کر دی گئی ہے۔
بی وائی ڈی سیلیون 7 کو لگژری اور اعلیٰ کارکردگی کی حامل الیکٹرک ایس یو وی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو عالمی معیار کی ای ویز کے مقابلے میں آرام، ٹیکنالوجی اور حفاظت کے تقاضے پورے کرتی ہے۔ یہ ماڈل 308 ہارس پاور اور 380 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے اور 6.7 سیکنڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرتا ہے، جبکہ ایک چارج پر 567 کلومیٹر تک فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بی وائی ڈی ایٹو 2 روزمرہ پاکستانی ڈرائیونگ کے لیے تیار کی گئی ایک اسمارٹ الیکٹرک ایس یو وی ہے، جس میں این ایف سی کی لیس انٹری، 50 واٹ وائرلیس چارجنگ، الیکٹرک اور وینٹی لیٹڈ سیٹس اور آسان استعمال والا کیبن شامل ہے۔ یہ گاڑی 7.9 سیکنڈ میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرتی ہے اور روایتی پیٹرول گاڑیوں کے مقابلے میں 75 فیصد تک کم اخراجات کے ساتھ 380 کلومیٹر تک کی رینج فراہم کرتی ہے۔
دونوں گاڑیاں بی وائی ڈی کی جدید بلیڈ بیٹری، ای پلیٹ فارم 3.0 اور 8 اِن 1 الیکٹرک پاور ٹرین پر تیار کی گئی ہیں، جو بہتر کارکردگی، حفاظت اور آرام دہ ڈرائیونگ کو یقینی بناتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی وائی ڈی پاکستان کے کنٹری ہیڈ لی جیان نے کہا کہ ان ماڈلز کی لانچ پاکستان میں آٹو موٹو شعبے کے مستقبل کو تشکیل دینے کے عزم کا اظہار ہے۔
بی وائی ڈی پاکستان – میگا موٹر کمپنی کے وائس پریذیڈنٹ سیلز اینڈ اسٹریٹجی دانش خالق نے کہا کہ یہ گاڑیاں شہری استعمال سے لے کر پریمیم کارکردگی تک صارفین کی مختلف ضروریات کو پورا کرتی ہیں اور الیکٹرک موبیلیٹی مستقبل کی سمت ہے۔
بی وائی ڈی ایٹو 2 کی قیمت 72 لاکھ 90 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس کی بکنگ 14 لاکھ روپے سے شروع ہو گی۔ بی وائی ڈی سیلیون 7 کی قیمت ایک کروڑ 54 لاکھ 90 ہزار روپے رکھی گئی ہے، جس کے لیے 30 لاکھ روپے بکنگ رقم مقرر ہے۔
28 فروری تک کی گئی بکنگ پر محدود مدت کی پیشکش کے تحت 7 کلو واٹ وال ماونٹڈ ہوم چارجر مفت فراہم کیا جائے گا۔ قیمتوں میں فریٹ اور اندرونِ ملک ٹرانزٹ انشورنس شامل ہے، جبکہ لو وولٹیج ایل ایف پی بیٹری پر 10 سال کی وارنٹی بھی دی جا رہی ہے۔ ایٹو 2 صارفین کو حبکو گرین اسٹیشنز پر دو مفت چارجنگ سیشنز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ سیلیون 7 خریداروں کے لیے چارجر کی مفت تنصیب شامل ہے۔


