آن لائن جوئے کی تشہیر کیس، یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 16 فروری تک توسیع

0
10

لاہور (ایم این این): لاہور کی سیشن عدالت نے پیر کے روز آن لائن جوئے کی ایپس کی تشہیر سے متعلق کیس میں یوٹیوبر رجب بٹ، ندیم مبارک اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 16 فروری تک توسیع کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج منصور قریشی نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، جس کے دوران تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے کیس کا ریکارڈ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت کی درخواست کی، جس پر عدالت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو ریکارڈ پیش کرنے اور تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

عدالت نے اس کے بعد رجب بٹ اور ندیم مبارک کی عبوری ضمانت میں 16 فروری تک توسیع کر دی۔

این سی سی آئی اے نے ملزمان کے خلاف آن لائن جوئے کی ایپلی کیشنز کی تشہیر کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

سماعت کے موقع پر سیشن عدالت میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور یوٹیوبرز کو بھاری پولیس نفری کے حصار میں عدالت پیش کیا گیا۔

دوسری جانب لاہور کی ایک مقامی عدالت پیر کے روز ٹک ٹاکر ڈکی بھائی، عروب جتوئی اور دیگر ملزمان کے خلاف اسی نوعیت کے کیس میں فرد جرم عائد نہ کر سکی۔

ڈسٹرکٹ کورٹس میں ہونے والی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی رخصت کے باعث 9 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔ ملزمان کو فرد جرم کے لیے طلب کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ سماعت میں الزامات عائد کیے جا چکے تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں