صدر آصف علی زرداری اور اماراتی صدر کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

0
8

دبئی (ایم این این) — صدر مملکت آصف علی زرداری نے منگل کے روز متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

ایوانِ صدر کے مطابق صدر زرداری چار روزہ سرکاری دورے پر امارات میں موجود ہیں اور اس ملاقات میں ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

صدر زرداری نے اماراتی صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں یو اے ای کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سے قبل صدر زرداری نے ابوظبی میں یو اے ای کے وزیر برائے رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات کی، جس میں مکالمے، شمولیت اور پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ صدر نے یو اے ای کی قیادت کو مختلف قومیتوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

بعد ازاں اے ڈی پورٹس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جمعہ الشمیسی نے بھی صدر سے ملاقات کی۔ صدر زرداری نے کراچی پورٹ سمیت پاکستان کے بحری اور لاجسٹکس شعبے میں گروپ کی سرمایہ کاری کو پاکستان اور یو اے ای کے اقتصادی تعاون کا اہم ستون قرار دیا اور اسلام آباد میں نمائندہ دفتر کے قیام کا خیر مقدم کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق صدر کے اس دورے کے دوران اماراتی قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوں گی، جن میں تجارت، اقتصادی شراکت داری، دفاع، سلامتی اور عوامی روابط سمیت دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں